آیت اللہ سیستانی کا کرونا سے بچاؤ کیلئے نمازِ جماعت کو وقتی طور پر روکنے کا حکم

لکھاری: حمزہ ابراہیم
عراق کے شہر نجف سے تعلق رکھنے والے معروف روحانی پیشوا اور دنیا بھر کے شیعہ مسلمانوں کے مرجع عالی،  آیت اللہ سید علی سیستانی ،نے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ  وزارتِ صحت کی طرف سے ملک میں کرونا وائرس کا پھیلاو روکنے کیلئے اجتماعات سے پرہیز کی سفارش کی گئی ہے، لہذا عوام کیلئے نماز ِجماعت  اور دیگر مذہبی و غیر مذہبی اجتماعات سے پرہیز کرنا واجب ہے۔ اس سے قبل چھ مارچ کو آیت اللہ نے نمازِ جمعہ ملتوی کرنے کا حکم دیا تھا۔   یاد رہے کہ عراق کی وزارت صحت نےشہریوں سے  عوامی مقامات پر رش پیدا کرنے اور  اکٹھے ہونے سے پرہیز کی اپیل کی ہے۔ آیت اللہ سیستانی نے یہ بھی کہا کہ  اس سلسلے میں ڈاکٹروں اور وزارتِ صحت کی تمام ہدایات پر عمل کرنا واجب ہے۔
آیت اللہ سیستانی کا یہ حکم ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب ایران اور عراق کے مذہبی حلقے کرونا وائرس سے نبٹنے کے معاملے میں شش و پنج اور ابہام کا شکار تھے۔ ایران کے کچھ  علماء اور دیسی حکیم دعاؤں، سازش کی کہانیوں اور ”دارو امام کاظم “جیسی معجونوں کی تشہیر  کر کے اس قدرتی آفت کے بارے میں عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ مشہد میں مقیم ایک پاکستانی عالم مولانا جان علی شاہ کاظمی بھی یوٹیوب، فیس بک اور واٹس اپ کی مدد سے اردو میں  متعدد جاہلانہ پیغامات نشر کر رہے ہیں جن میں پاکستان کے  لوگوں کو ”طبِ اہلبیت“ کے نام سے گمراہ کیا جا رہا ہے اور ایران سے  معجون منگوانے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔ یہ معجون اپنے ساتھ کرونا وائرس کے جراثیم لا سکتی ہے کیونکہ ایسی معجونوں کی تیاری میں جدید میڈیکل سائنس کے وضع کردہ حفظانِ صحت کے اصولوں کا خیال نہیں رکھا جاتا۔ اس نام نہاد طب کی حقیقت ایک مضمون بعنوانقم کا ابوجہلمیں واضح کی جا چکی ہے۔ امید ہے کہ آیت اللہ سیستانی کا حکم اس سلسلے میں شکوک و شبہات کو ختم کرکےدینی حلقوں کو  علم کا مطیع بنائے گا اور یوں کرونا وائرس کی وبا کے کسی بڑے سانحے میں تبدیل ہونے کے خطرے کو ٹال دے گا۔
کرونا وائرس وطنِ عزیز میں بھی خاموش قاتل کی طرح پھیل رہا ہے۔ امید ہے کہ پاکستان میں آیت اللہ سیستانی کے مقلدین انکی اس ہدایت پر عمل کریں گے۔ باقی مسالک کے علما سے بھی اس سلسلے میں فتوے جاری کرنے کی امید کی جا رہی ہے۔ پاکستان کا نظامِ صحت کسی بڑی وبا سے نبٹنے کیلئے تیار نہیں ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں